جمعرات 6 ذو القعدة 1447 | 2026-04-23

A a

«زمزم کا پانی اس (مقصد اور فائدے) کے لیے ہے جس کے لیے وہ پیا جائے۔»


بروایت حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما یہ حدیث مندرجِ ذیل کتابوں میں ہے:
مسند احمد (حدیث نمبر 14849)، سنن ابن ماجہ (حدیث نمبر 3062)، مصنف ابن ابی شیبہ (حدیث نمبر 14137) ۔
نیز ملاحظہ ہو: صحیح الجامع (حدیث نمبر 5502) اور صحیح الترغیب والترہیب (حدیث نمبر 1165) ۔ 


حدیث کی مختصر وضاحت


زمزم وہ کنواں ہے جو مسجد حرام کے اندر واقع ہے اور خانہ کعبہ کے قریب ہے۔ زمزم کا پانی بابرکت پانی ہے۔ یہ روئے زمین پر سب سے بہترین پانی ہے۔
اس پانی کی برکات میں سے یہ بھی ہے کہ یہ دنیا وآخرت کے ہر اس معاملے کے لئے ہے جس کے لئے اسے پیا جائے، اللہ تعالیٰ نے اسے ہر جائز مطلوب ومقصود کے حصول کے لیے موثر بنایا ہے، اس کى دلیل نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان: ’’لما‘‘ یعنی "جس کے لئے" میں ہے، کیوں کہ لفظ: ’’ما‘‘ یعنی "جو" عموم پر دلالت کرتا ہے چنانچہ اس میں ہر وہ چیز شامل ہے جس کی نیت واِرادہ پینے والا کرتا ہے، خواہ آفت سے بچاؤ ہو، یا کسی نعمت کا حصول ہو۔ بشرط کہ نیت درست ہو اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان پر پینے والے کا یقین کامل ہو۔
چنانچہ جو شخص اسے حصولِ شفا کی نیت سے پیتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے شفایاب فرماتے ہیں۔ جو اسے اللہ کی پناہ چاہتے ہوئے پیتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے پناہ دے دیتا ہے۔ جو اسے پیاس بجھانے یا بھوک مٹانے کے لیے پیتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے سیراب فرمادیتا ہے۔ جو اسے حصولِ علم اور یادداشت بہتر بنانے کے لیے پیتا ہے، وہ مضبوط یادداشت والا اور علماء میں سے بن جاتا ہے۔ اور جو اسے کسی حاجت وضرورت کی نیت سے پیتا ہے، اس کی وہ ضرورت پوری ہوجاتی ہے، خواہ کوئی اس کے ایک گھونٹ میں ایک سے زیادہ نیتیں کرلے!
یاد رہے کہ اس بات میں کوئی فرق نہیں ہے کہ زمزم مکہ کے اندر پیا جائے یا مکہ سے باہر۔ ہر دو صورتوں میں پینے والے کو اللہ تعالیٰ کے حکم سے مطلوب حاصل ہوجاتا ہے۔ بہت سے علمائے کرام اور صالحین عظام نے زمزم کو بارہا مختلف دینی ودنیوی حاجات کے لیے آزمایا ہے، ان کا یہ تجربہ کامیاب رہا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے وہ حاجات پوری ہوئیں۔
زمزم پینے کے وقت مستحب ہے کہ اسے خوب سیر ہو کر پیے اور اللہ تعالیٰ کے حضور شرعی ادعیہ کے ساتھ جو چاہے، دعا کرے۔
اس حدیث میں زمزم کے پانی کی فضیلت، اس کے بلند مقام اور اس کی عظمت کو بیان کیا گیا ہے۔


غلطی کی اطلاع دیں۔