«مسلمان پر اس کے غلام میں اور اس کے گھوڑے میں زکات نہیں ہے۔»
یہ حدیث بروایت حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ صحیح بخاری (حدیث نمبر 1463) اور صحیح مسلم (حدیث نمبر 982) میں مروی ہے۔ مذکورہ الفاظ صحیح مسلم کے ہیں۔
اور صحیح مسلم میں یہ اضافہ ہے: «سوائے صدقۂ فطر (فطرانے) کے۔»
جبکہ صحیح بخاری کے الفاظ یہ ہیں: «مسلمان پر زکات نہیں ہے؛ نہ اس کے غلام میں اور نہ اس کے گھوڑے میں۔»
جبکہ سنن ابوداود (حدیث نمبر 1594) میں یہ الفاظ ہیں: «گھوڑے اور غلام میں زکات نہیں، البتہ غلام کی طرف سے صدقۂ فطر دیا جائے گا۔»
نیز ملاحظہ ہو صحیح الجامع الصغیر (حدیث نمبر 5412) اور سلسلہ احادیث صحیحہ (حدیث نمبر 2189)۔
حدیث کی مختصر وضاحت
اللہ تعالیٰ نے زکات فرض فرمائی ہے اور اسے چند مخصوص اموال میں حق قرار دیا ہے، ہر مال میں نہیں۔ اسی حوالے سے یہ فرمانِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: «مسلمان پر اس کے غلام اور اس کے گھوڑے میں زکات نہیں ہے۔» یعنی خدمت کے لیے رکھے گئے غلام میں زکات واجب نہیں اور نہ ان گھوڑوں میں جو سواری کے لیے اور اپنی ذاتی ضرورت کے فائدے کے لیے تیار کیے گئے ہوں کیونکہ یہ چیزیں اُن بڑھنے والے (پیداوار یا منافع دینے والے) اموال میں سے نہیں ہیں جن میں زکات واجب ہوتی ہے۔
البتہ اگر غلام یا گھوڑا تجارت کے لیے تیار کیا گیا ہو تو عروضِ تجارت (تجارتی سامان) میں ہونے کے اعتبار سے ان میں زکات واجب ہوگی، بشرط کہ نصاب کو پہنچتے ہوں اور ان پر ایک سال گزرچکا ہو۔
حدیث مبارک شریعت کی آسانی پر دلالت کرتی ہے اور اس بات پر بھی کہ ذاتی استعمال کے لیے حاصل کیے گئے اموال میں زکات واجب نہیں ہوتی، بلکہ زکات اُنہی اموال میں واجب ہوتی ہے جن میں بڑھوتری کا مفہوم پایا جائے۔ گھوڑے اور غلام پر ہر وہ چیز قیاس کی جائے گی جو انسان تجارت کی بجائے محض فائدہ اُٹھانے کے لیے رکھتا ہے، جیسے: مکانات اور سواریاں وغیرہ ہیں۔ جب تک ان کے حوالے سے تجارت کی نیت نہ ہو تو ان میں زکات نہیں ہے۔ اگر تجارت کی نیت کرلی جائے تو وہ مالِ تجارت بن جائیں گے اور پھر ان میں شرائط کے مطابق زکات واجب ہوجائے گی۔
حدیث مبارک اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ غلام مستقل اور مکمل ملکیت کا اختیار نہیں رکھتا۔
حدیث میں شریعت کی آسانی بیان کی گئی ہے، نیز شریعت نے اہلِ ثروت کی حالت کا مکمل لحاظ رکھا ہے، یعنی اُن کے غیرنامی (نہ بڑھنے والے) اموال پر زکات کو فرض نہیں کیا۔ یہ حکم اُن پر بوجھ کم کرنے اور مشکلات دُور کرنے کا ایک مظہر ہے۔