«صرف ’’مُسنّہ‘‘ ہی ذبح کرو۔ ہاں، اگر تمھارے لیے دشوار ہوجائے تو دنبے یا مینڈھے کا ’’جذعہ‘‘ ذبح کرو۔»
یہ حدیث بروایت حضرت جابر رضی اللہ عنہ صحیح مسلم (حدیث نمبر 1963) میں مروی ہے۔
حدیث کی مختصر وضاحت
قربانی ایک عظیم الشان عبادت اور شعائرِ اسلام میں سے ایک نمایاں شعار ہے۔ اس کے کچھ ایسے احکام اور شرائط ہیں جن کے بغیر قربانی شرعاً درست نہیں ہوتی۔ ان میں سے ایک اہم شرط جانور کی عمر (کا تعین) ہے، جیساکہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: «تم صرف ’’مُسنّہ‘‘ ہی ذبح کرو۔» ’’مُسنّہ‘‘ سے مراد تمام چوپایوں میں سے دودانتا جانور ہے۔ یعنی جس کے وہ دانت نکل آئیں جن کے ذریعے چوپائے کے اُس عمر کو پہنچنے کا علم ہو جو شرعاً معتبر ہے، چنانچہ اونٹ میں سے جس کے پانچ سال مکمل ہوجائیں، گائے میں سے جس کے دو سال مکمل ہوجائیں اور بھیڑ بکری میں سے جس کا ایک سال مکمل ہوجائے۔ «ہاں! اگر تمھارے لیے دشوار ہوجائے» یعنی تمھارے لیے اگر بھیڑ بکری کے ’’مُسنّہ‘‘ کا حصول بیش قیمت ہونے، عدم دستیابی، یا کمی کی وجہ سے دشوار ہوجائے۔ «تو بھیڑ کا ’’جذعہ‘‘ ذبح کرو۔» یعنی اس صورت میں بھیڑ (دنبے یا مینڈھے) کا ’’جذعہ‘‘ ذبح کرنے کی رخصت تمھیں دی گئی ہے۔ بھیڑ کا ’’جذعہ‘‘ وہ بچہ ہے جس کے چھ ماہ مکمل ہو کر ساتواں مہینا شروع ہوچکا ہو۔
حدیث مبارک اس بات میں بالکل واضح ہے کہ قربانی میں صرف مُسنّہ یا اس سے بڑی عمر کا جانور کفایت کرتا ہے، لہٰذا اونٹ اور گائے میں ’’جذعہ‘‘ کفایت نہیں کرے گا اور بھیڑ میں بھی ’’جذعہ‘‘ صرف اسی صورت میں کفایت کرے گا جب ’’مُسنّہ‘‘ دستیاب نہ ہو۔ البتہ علماء کی ایک جماعت نے کہا ہے کہ بھیڑ کا ’’جذعہ‘‘ مطلقاً کفایت کرے گا کیونکہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: «بلاشبہ ’’جذعہ‘‘ اُس چیز سے کفایت کرتا ہے جس سے دودانتا کفایت کرتا ہے۔» (سنن ابوداود وسنن نسائی) ان علماء نے تمام دلائل کے مابین تطبیق دیتے ہوئے حدیثِ جابر رضی اللہ عنہ کو اَفضلیت پر محمول کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہدی (حرم میں ذبح ہونے والے جانور) کا حکم بھی وہی ہے جو اضحیہ (عام قربانی) کا ہے کیونکہ عمر کی شرط دونوں میں ایک جیسی ہے، چنانچہ جو چیز ان دونوں میں سے ایک میں کفایت کرتی ہے، وہ دوسرے میں بھی کفایت کرتی ہے اور جو ایک میں کفایت نہیں کرتی، وہ دوسرے میں بھی کفایت نہیں کرے گی۔