پیر 5 جمادى الآخرة 1448 | 2026-11-16

A a

«بلال تو رات میں اذان دیتے ہیں، اس لیے تم لوگ کھاتے پیتے رہو، حتیٰ کہ ابن ام مکتوم اذان دیں۔» یہ روایت کرنے کےبعد حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا کہ وہ نابینا تھے اور اس وقت تک اذان نہیں دیتے تھے جب تک ان سے کہا نہ جاتا کہ صبح ہو گئی، صبح ہوگئی۔


یہ حدیث بروایت حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما صحیح بخاری (حدیث نمبر 617) اور صحیح مسلم (حدیث نمبر 1092) میں مروی ہے۔ الفاظ صحیح بخاری کے ہیں۔
صحیح مسلم میں یہ اضافہ ہے: «ان دونوں کی اذان میں کوئی فرق نہیں تھا، سوائے اس کے کہ وہ اذان دے کر اُترتے اور یہ چڑھتے تھے۔»


حدیث کی مختصر وضاحت


یہ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقوں میں سے تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نمازِ فجر کے لیے دو اذانیں مقرر فرمائیں؛ پہلی اذان طلوعِ فجر سے کچھ پہلے دی جاتی، تاکہ سویا شخص جاگ جائے، قیام اللیل کرنے والا اپنی نماز مکمل کرلے اور وتر ادا کرلےاور لوگ سحری کے لیے تیاری کرلیں۔
دوسری اذان فجرِ صادق کے طلوع پر دی جاتی اور دراصل یہی نماز کا وقت شروع ہونے کا اور روزہ داروں کے لیے کھانے پینے اور دیگر ممنوعہ کاموں سے رک جانے کا اعلان ہوتا۔ اس کی وضاحت حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کی روایت سے ملتی ہے کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «بلال رات کے وقت اذان دیتے ہیں … الخ۔» تو نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے واضح فرمادیا کہ بلال کی اذان رات کے آخری حصے میں طلوعِ فجر سے پہلے ہوتی ہے، اس لیے کھاؤ پیو کیوں کہ یہ وقت کھانے پینے کے مباح ہونے کا ہے۔ البتہ کھانے پینے اور بیوی سے مقاربت جیسے روزے کے ممنوعہ کاموں سے عبداللہ بن اُم کی اذان ہی کے بعد رکا جائے گا کیونکہ وہ طلوعِ فجر کے بعد اذان دیتے ہیں اور وہی نماز اور روزے کا وقت ہے۔ یہ حکم اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کے مطابق ہے: ’’اور کھاؤ اور پیو، یہاں تک کہ تمھارے لیے سیاہ دھاگے سے سفید دھاگا فجر کا خوب ظاہر ہوجائے۔‘‘ (البقرۃ: 187)
حضرت عبداللہ بن اُم مکتوم رضی اللہ عنہ اس وقت تک اذان نہ دیتے جب تک لوگوں کی طرف سے انھیں یہ نہ کہا جاتا کہ «صبح ہوچکی ہے، صبح ہوچکی ہے» یعنی صبح روشن ہوگئی ہے اور فجر کا وقت شروع ہوگیا ہے۔ جب انھیں یقین ہوجاتا، تب وہ اذان دیتے۔
مسنون طریقہ یہ ہے کہ دونوں اذانوں کے مابین طویل فاصلہ نہ ہو، جیساکہ صحیح مسلم میں ہے: «دونوں اذانوں کے مابین فاصلہ اس سے زیادہ نہ ہوتا کہ یہ موذّن نیچے اُترے اور وہ دوسرا اوپر چڑھے۔» یہ جملہ دونوں اذانوں کے بے حد قریب ہونے پر دلالت کرتا ہے۔
اس حدیث میں نماز فجر كا وقت شروع ہونے سے پہلے اس کے لئے اذان دینے کا جواز ہے۔ اسی طرح ایک ہی مسجد میں دو موذّن رکھنے کا جواز ذکر ہوا کہ ایک موذّن فجر سے پہلے اور دوسرا طلوعِ فجر کے بعد اذان دے۔ علاوہ ازیں نابینا شخص کی اذان بالکل صحیح ہوگی، بشرط کہ اسے وقت کے شروع ہونے کا یقین ہوجائے۔ مزید برآں معلوم ہوا کہ کسی شخص کو اس کی والدہ کی طرف منسوب کرنا جائز ہے جب وہ اسی نام سے معروف ہو۔ اسی طرح کسی شخص کا جسمانی وصف یا عیب محض پہچان کے لیے ذکر کرنا بھی درست ہے، بشرط کہ مقصد محض پہچان ہو، تنقیص نہ ہو۔


متعلقہ احادیث

غلطی کی اطلاع دیں۔